کوئٹہ (ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ نے مرکزی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 نومبر کو پارٹی پریزیڈنٹ کی زیر صدارت مرکزی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کے مختلف امور و معاملات زیر بحث آئے، جن پر ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کرنے کیلئے یکم دسمبر کو پارٹی پریزیڈنٹ حیربیار مری کی زیر صدارت نیشنل کونسل کا اگلا اجلاس بلایا گیا، جس میں طے شدہ ایجنڈے کے مطابق پارٹی کے مختلف داخلی و خارجی امور زیر بحث آئے جن پر نیشنل کونسل اور مرکزی کابینہ کے عہدیداران نے علمی بحث و مباحثہ کے بعد حتمی نتیجہ اخذ کرتے ہوئے ووٹنگ کے ذریعے رائے دہی کی۔
بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ پارٹی کے پہلے مرکزی کابینہ کی تشکیل کے مرحلے میں چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر بیک وقت دو عہدے فارن افیئرز ڈیپارٹمنٹ اور آرگنائزیشنل ڈیپارٹمنٹ ایکسٹرنل کی ذمہ داریاں بیک وقت جمال ناصر کو سونپی گئی تھیں، جبکہ اب وہ فقط فارن افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر اپنی پارٹی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
اس میٹنگ میں پارٹی صدر کی جانب سے نیشنل کونسل کی میٹنگ میں آرگنائزیشنل ڈیپارٹمنٹ ایکسٹرنل کیلئے حیدر کے بی بلوچ کا نام تجویز کیا گیا جس پر مرکزی کابینہ کے عہدیداران کی موجودگی میں نیشنل کونسل کے تمام اراکین نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اُسے آرگنائزیشنل ڈیپارٹمنٹ ایکسٹرنل کے سربراہ کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔
جبکہ مورخہ 25 دسمبر کو پارٹی کے مرکزی نائب صدر نے سنگت حیدر کے بی بلوچ سے پارٹی کا حلف لے کر اُنھیں باقاعدہ مرکزی کابینہ میں شامل کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ موجودہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال میں سنگت حیدر کے بی بلوچ دن رات محنت کرکے ہر سطح پر اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پارٹی آئین و پروگرام کے مطابق بلوچ قومی آزادی کی تحریک کو کامیاب کرنے کے لئے ایمانداری و مخلصی کے ساتھ کام کرینگے۔