سراوان (ہمگام نیوز) آمدہ اطلاعات کے مطابق مغربی مقبوضہ بلوچستان کے شہر سراوان آسپیچ میں ایرانی فورس نیرو انتظامی کلنتری خیابیان مرشد 11 نمبر کے پاسگاہ کے سامنے بلوچ آزادی پسند عقیل مراد بلوچ سکنہ آواران کو آسمانی رنگ کے پیجوٹ کار میں سوار مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ شدید زخمی عقیل مراد بلوچ کو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہوگئے۔
ایک ہفتے کے دورانئے میں اپنی نوعیت کا یہ تیسرا دردناک واقعہ ہے جس میں اب تک تین بلوچ فرزند بڑی بے دردی اور بے رحمی سے شہید کئے جاچکے ہیں۔ اس سے پہلے بھی اسی طرح کے واقعات میں بلوچ فرزند شہید ہوتے رہے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ کئی سالوں سے مغربی مقبوضہ بلوچستان میں مخصوص طور پر بلوچ آزادی پسند سیاسی کارکنوں کو ٹارگٹ کر کے شہید کیا جارہا ہے۔
اس سارے منظر نامے میں سب سے اہم بات یہ دیکھنے میں آئی ہے کہ آج تک کسی بھی بلوچ شہید کے قاتل کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جس پر بلوچ سیاسی کارکنان سوشل میڈیا پر مختلف نوعیت کے سوالات اٹھا رہے ہیں۔