بارکھان(ھمگام نیوز ) بارکھان کے علاقے میں چکن پاکس کے کیسز بڑھنے لگے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے طبی ٹیمیں بھجوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے والدین سے بچوں کی علامات کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بارکھان کوڈی زکریانی، بستی ملک گل خان ماڑا میں چکن پاکس (Chickenpox) کے مشتبہ کیسز تیزی سے سامنے آنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جس کے باعث بچوں سمیت دیگر افراد کی صحت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقے میں میڈیکل ٹیمیں روانہ کی جائیں، مشتبہ مریضوں کا طبی معائنہ کیا جائے اور بیماری کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے موثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
شہریوں نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ بچوں میں بخار، جسم پر دانے یا دیگر علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی طبی مرکز سے رجوع کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔


