سبی (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ بختیار آباد سے جیکب آباد کے 3 نوجوان شال جاتے ہوئے راستے میں مبینہ طور پر اغوا ہوگئے۔ بلوچستان پولیس مغویوں کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے ورثا ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے نواحی گاوں سکندر آباد کے رہائشی حیدر علی، محمد یوسف کھوسہ پسران عاطف کھوسہ اور سلمان ولد شہاب کھوسہ جیکب آباد سے شال جاتے ہوئے بختیار آباد سے مبینہ طور پر گاڑی سمیت اغوا ہوگئے ہیں۔
نوجوانوں کے موبائل فون بند ملنے پر ورثا پریشان ہوکر کھوسہ برادری کے سینکڑوں افراد سمیت بختیار آباد پہنچ گئے۔
بتایا جارہا ہے کہ موبائل فونز کی آخری لوکیشن نوتال کے علاقے میں ٹریس ہواتھا ، جس کے بعد موبائل فونز بند ہوگئے۔
مغوی سلمان کے والد شہاب کھوسو نے بیٹے سمیت بھتیجوں کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز بیٹے سمیت بھتیجے گاڑی پر شال جارہے تھے، بختیار آباد کے علاقے میں پہنچے تو ان سے رابطہ ہوا تھا،جس کے بعد ان کے نمبرز بند ہوگئے جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ ہمیں شبہ ہے کہ نوجوانوں کو اغوا کیا گیا ہے۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ تینوں نوجوانوں کے اغوا کی اطلاع ملنے کے باوجود بلوچستان پولیس مغویوں کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ نوجوانوں کو فی الفور بازیاب کرایا جائے۔


