کوئٹہ (ہمگام نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و نیشنل لائرز فورم کے چیئرمین ارباب غلام ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پارٹی کے صوبائی نائب صدر اصغر علی ترین کے خلاف پشین انتظامیہ کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنا قابل مذمت و قابل گرفت عمل ہے وہ ایک ذمہ دار جماعت کے نائب صدر اور سیاسی کارکن ہیں، ان کے خلاف من گھڑت ایف آئی آر صوبے کی سیاسی جمہوری روایات کے خلاف عمل ہے ۔ صوبے میں غیر سیاسی غیر جمہوری ماحول کے قیام کے لئے راہ ہموار کرنے کی سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تمام شہریوں کو آزادی اظہار رائے اور پرامن جدوجہد کا حق دیتی ہے اور یہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے ۔ پارٹی کی تاریخ گواہ ہے کہ جہاں بھی جس نے بزور طاقت معاملات چلانے کی کوشش کی تو ہم نے ان کا راستہ روکا ہے آج ملک ایک نہ ختم ہونے والے دلدل میں پھنستا چلا جارہا ہے اور حکمران تدبر دانش سے عاری ہیں اور آئے روز چھوٹی قومیتوں اور وحدتوں میں احساس محرومی بڑھتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومیتوں کو ان کے وسائل پر اختیار دینے سے اعتراض کی پالیسی نے مشکلات کھڑی کیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو راہ راست اور برحق موقف سے کسی صورت دستبردار نہیں کرایا جاسکتا لہذا ضلع پشین کی انتظامیہ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی نائب صدر اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر فی الفور واپس لے ۔


