Homeخبریںبلوچستان بھر میں جاری فوجی کاروائیوں کی مذمت کرتے ہیں ۔بی ایس...

بلوچستان بھر میں جاری فوجی کاروائیوں کی مذمت کرتے ہیں ۔بی ایس او آزاد

کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے جئے سندھ اسٹوڈنٹس فیڈریشن(JSSF)کے مرکزی جوائنٹ سکریٹری ایڈوکیٹ نور تونیو کی جبری گمشدگی اور بلوچستان بھرمیں جاری فوجی آپریشنوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ و بلوچستان میں قابض ریاست آزادی اظہار پر قدغن لگا کر کئی عرصے سے آزادی پسند سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کو جبری طور پر اغواء کررہی ہے۔ خُفیہ اذیت گاہوں میں انسانیت سوز تشدد کے بعد مارو اور پھینکو”KILL AND DUMP”پالیسی کے تحت ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینک رہی ہیں تاکہ آزادی پسند بلوچ و سندھی عوام کو تشدد کے زور پر زیر کرکے جاری تحریک آزادی سے انکی وابستگی کوختم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جئے سندھ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین حفیظ پیرزادو پہلے کئی مہینوں سے پولیس کی حراست میں ہیں اوراب 13مئی کو خیرپور سے ایڈوکیٹ نور کو خفیہ ایجنسیوں نے اٹھا کر غائب کردیا ۔سندھ میں سینکڑوں سندھی سیاسی رہنماؤں سمیت متعدد کارکن ریاستی بے رحمانہ پالیسیوں کا شکار بن چکے ہیں ۔ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی کاروائیوں سے فکر آزاد ی کو ختم نہیں کیا جاسکتا بلکہ دن بہ دن اس میں پختگی آرہی ہے ۔ علاوہ ازیں ترجمان نے بلوچستان بھر میں جاری فوجی کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مشکے، آواران، جھاؤ، دشت سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں فوجی کاروائیاں شدت کے ساتھ جاری ہیں۔ دوران آپریشن گھروں میں لوٹ مار و لوگوں کا اغواء روز کا معمول بن چکے ہیں۔ پچھلے کئی دنوں سے بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے متصل کلانچ، دشت ،سائجی اور گردنواع کے علاقے فوجی محاصرے میں ہیں۔ زمینی و فضائی فورسز کی مدد سے نواحی علاقوں کی آبادیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس سے عام لوگوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ جبکہ گزشتہ روز جھاؤ کے علاقے کوہڑو میں فورسز نے کاروائی کے دوران محمد بخش ولد باری اور ماسٹر سبزل ولد سیری کو لاپتہ کردیا ۔ ہزاروں بلوچ فرزندان کی حراستی قتل کی وجہ سے لاپتہ افراد کے لواحقین مغوی فرزندان کی زندگیوں کے حولے سے شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ترجمان نے مہذب ممالک سے اپیل کی کہ وہ بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی اور بلوچ مسئلے کی پرامن حل کے لئے اپنا کردارا دا کریں تاکہ مزید انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

Exit mobile version