کوئٹہ(ہمگام نیوز) بلوچستان اسمبلی نے ہفتے کے روز متفقہ طور پر کام کی جگہوں پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خاتمے کے لیے نئے قانون کی منظوری دے دی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عبدالحیم زیارت وال نے بل ‘بلوچستان کی خواتین کو کام کی جگہوں پر ہراساں کرنے کے خاتمے کیلئے بل 2015’ صوبائی اسمبلی میں پیش کیا۔
مزکورہ بل کو صوبائی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خواتین کی ترقی کی جانب سے کی جانے والی سفارشات کو شامل کرنے کے بعد منظور کیا گیا۔
کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمع اشفاق نے کہا کہ ‘میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے تمام اراکین کو مبارک باد پیش کرتی ہوں’ کہ خواتین کے خلاف تشدد ختم کرنے کے لئے بل کی منظوری کے دوران اسمبلی کے اراکین کی جانب سے کسی بھی قسم کی مخالفت سامنے نہیں آ ئی’۔
ان کا کہنا تھا کہ اب بلوچستان کی خواتین بغیر کسی خوف کے آزادانہ طریقے سے کام کرسکیں گی۔
ڈاکٹر شمع اشفاق نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ نئے قانون کے حوالے سے خواتین میں آگاہی پیدا کریں۔
بلوچستان اسمبلی کی اسپیکر راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ قانون کا ذاتی مقاصد کے لیے غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔


