Homeخبریںبلوچستان سے کراچی آنے والے مسافروں کو حب پل سے یوسف...

بلوچستان سے کراچی آنے والے مسافروں کو حب پل سے یوسف گوٹھ تک مبینہ ہراسانی اور بدتمیزی کا سامنا، سندھ پولیس کے رویے پر سوالات۔

کراچی(ہمگام نیوز )مقبوضہ بلوچستان سے کراچی آنے والے مسافروں نے سندھ پولیس کے اہلکاروں پر مبینہ بدتمیزی، ہراسانی اور تذلیل کے الزامات لگاتے کہاہے کہ

حب پل بارڈر کراس کرنے کے بعد رینجرز چیک پوسٹ سے یوسف گوٹھ تک مختلف مقامات پر 10 سے 15 ناکے قائم ہیں، جہاں گاڑیوں کو روک کر مسافروں سے مبینہ طور پر غیر مناسب رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔ شکایات میں خواتین اور اہلِ خانہ کے سامنے مسافروں کی تذلیل، گالم گلوچ، نوجوانوں کو گاڑیوں سے اتار کر ہراساں کرنے اور مشرف کالونی گیٹ کے قریب تعینات اہلکاروں کے رویے پر خصوصی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے پاس اسٹوڈنٹ کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات موجود ہونے کے باوجود انہیں مبینہ طور پر تضحیک آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف مسافروں بلکہ ان کے اہلِ خانہ کو بھی ذہنی اذیت پہنچتی ہے۔

شکایات کے مطابق بلوچستان سے کراچی آنے والے بلوچ مسافروں کے ساتھ اس طرزِ عمل پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ شناختی دستاویزات رکھنے والے شہریوں کو اہلِ خانہ کے سامنے تذلیل اور ہراسانی کا سامنا کیوں کرنا پڑتا ہے اور ایسے رویے کی قانونی حیثیت کیا ہے؟

مسافروں نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ، پولیس کے اعلیٰ حکام، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ حب پل سے یوسف گوٹھ تک قائم ناکوں اور وہاں تعینات اہلکاروں کے طرزِ عمل کا جائزہ لیا جائے اور مبینہ بدسلوکی کی شکایات کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون پر عمل درآمد اور چیکنگ اپنی جگہ ضروری ہے، تاہم اس عمل میں شہریوں کی عزتِ نفس، احترام اور بنیادی حقوق کو پامال نہیں ہونا چاہیے، تاکہ بلوچستان سے کراچی سفر کرنے والے مسافروں کو بلاوجہ ہراسانی اور تذلیل سے نجات مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز