شال(ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں مستونگ، چمن اور صحبت پور سے مزید پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، مذکورہ شخص کو گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد لاش سڑک کنارے پھینک دی گئی تھی۔
لاش کو ضروری کارروائی اور شناخت کے لیے پہلے شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
ادھر چمن کے علاقے سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، جسے ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مزید رپورٹ کے مطابق صحبت پور میں مقامی انتظامیہ کے مطابق تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تاہم انکی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی مقبوضہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ دنوں ضلع پنجگور سے بھی متعدد افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جن میں سے بعض کی شناخت قابض پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے افراد کے طور پر ہوئی ہے۔
تاہم آج مستونگ، چمن اور صحبت پور سے برآمد ہونے والی پانچوں لاشوں کی شناخت تاحال نہ
یں ہوسکی ہے۔


