Homeخبریںبلوچستان میں سابق افغان فوجیوں کے قافلے پر مسلح افراد کا حملہ،...

بلوچستان میں سابق افغان فوجیوں کے قافلے پر مسلح افراد کا حملہ، 25 اہلکار ہلاک

بلوچستان (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ قلعہ عبداللہ میں افغانستان کے سابق سیکیورٹی اہلکاروں پر مشتمل ایک قافلے کو مبینہ طور پر گھات لگا کر نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ، جس کے نتیجے میں 25 کے قریب افراد ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق افغان فوجی اہلکاروں کے ایک قافلے کو بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں مسلح افراد نے راستے میں گھیر کر اچانک حملے کا نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں قافلے میں شامل بڑی تعداد میں افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بعض افراد کے زخمی ہونے کی بھی بات کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے کارروائی کے بعد قافلے میں موجود اسلحہ بھی اپنے قبضے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 تک بتائی گئی ہے، تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد اور واقعے میں زخمی ہونے والے افراد سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں نشانہ بننے والے افراد افغانستان کی سابق حکومت کے سیکیورٹی اداروں سے وابستہ رہ چکے تھے اور طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان منتقل ہوئے تھے۔

تاہم واقعے کی مکمل نوعیت، حملہ آوروں کی شناخت اور حملے کے محرکات کے بارے میں تاحال واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

واضح رہے

بلوچستان میں سابق افغان سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی اور بعض مسلح گروہوں کی جانب سے ان کے مبینہ استعمال سے متعلق دعوے اس سے قبل بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں اس معاملے نے بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں مزید توجہ حاصل کی ہے۔

واقعے کے حوالے سے مزید معلومات سامنے آنے کے بعد ہلاک اور زخمی افراد کی تعداد، حملے کے مقام اور ذمہ دار عناصر کے بارے میں صورتِ حال مزید واضح ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز