کوئٹہ(ہمگام نیوز)مقبوضہ بلوچستان کے علاقے بولان سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اغوا ہونے والے شخص کی شناخت عثمان ولد گل محمد کے نام سے ہوئی ہے جنہیں بولان کے علاقے مشکاف سے حراست میں لیا گیا ہے۔
حالیہ کچھ عرصہ سے بلوچ قوم پرست حلقے (سی ٹی ڈی) پر الزام عائد کررہے ہیں کہ ماضی میں جو کام مقبوضہ بلوچستان میں خفیہ ایجنسیاں کرتے تھے وہی کام آج (سی ٹی ڈی) بھی کررہا ہے۔
قوم پرست حلقوں کے مطابق (سی ٹی ڈی) بھی ملکی خفیہ ایجنسیوں کی طرح لوگوں کو ماورائے عدالت گرفتاریوں سمیت قتل میں بھی ملوث ہیں۔
خیال رہے کہ حالیہ کچھ وقتوں میں کئی ایسے واقعات مقبوضہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آئے ہیں جہاں (سی ٹی ڈی) نے لوگوں کو مقابلے میں قتل کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم بعد ازاں قتل ہونے والوں کی شناخت پہلے سے لاپتہ افراد کے طور پر ہوئی ہے۔