کوئٹہ(ہمگام نیوز) پچھلے کئی دنوں سے بلوچستان کے مختلف حصوں میں جاری شدید بارشوں سے جمعرات کو معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
موسمیاتی نالوں میں طغیانی سے سڑکوں کا جال متاثر ہوا اور کئی ضلعی ہیڈ کواٹرز دوردراز علاقوں سے کٹ گئے۔
بلوچستان کے کئی حصوں میں بہت سی سڑکیں بہہ گئی جبکہ مٹی کے کئی مکان منہدم ہوئے۔
محکمہ موسمیات نے جمعہ کو بلوچستان کی ساحلی پٹی سمیت کئی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔
محکمہ کے مطابق، کوئٹہ ، ژوب، قلات، مکران ، سبی اور نصیر آباد میں انتہائی شدید بارشیں متوقع ہیں۔
جمعرات کو کوئٹہ میں 26، سبی 19، دالبدین 18، جیکب آباد 15، بارکھان 10، قلات 4، پنجگور 3، ژوب 2 اور پسنی میں شام پانچ بجے تک 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے شدید بارشوں اور موسمیاتی ندی، نالوں میں سیلاب جیسی صورتحال کے مد نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بارش میں ہونے والے حادثات سے اب تک 12 افراد زخمی ہیں۔