ہنوفر(ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ کی جانب سے “ بلوچستان نہ پاکستان اور نہ ہی ایران” کے عنوان سے جاری منعقدہ دستخطی مہم اپنے اگلے مرحلے میں جرمن صوبے نیدرزیکسن کے دارالحکومتی شہر ہنوفر کے سینٹرل اسٹیشن کے سامنے منعقد ہوگی۔ نیدر زیکسن میں یہ مہم پہلے مرحلے میں چار روزہ ہوگی جو 14, 15, 23 اور 24 فروری کو منعقد ہوگی جس کو شہر کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے پورے ایک مہینے تک وسعت دی جائیگی جس کے دوران جرمن عوام سمیت دیگر اقوام کے دستخط لیئے جائیں گے۔ اس مہم کا دورانیہ اعلان کردہ ایام میں روزانہ تین سے چار گھنٹے ہوگی۔
فری بلوچستان موومنٹ نے اپنے سابقہ اعلان کے مطابق مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کو جرمنی کے تمام صوبوں اور بڑے شہروں میں وسعت دے کر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بلوچستان مسئلے کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی اور اپنے مقصد جس کے تحت بلوچستان اور بلوچ عوام کو پاکستان اور ایران کا ایک حصہ سمجھنے کے بجائے ایک مقبوضہ ریاست اور الگ شناخت کے ساتھ حیثیت دی جائے۔
یاد رہے کہ اس مہم کا دورانیہ تین سے چار ماہ ہوگا اور اس کے اختتام پر مہم کے حاصل کردہ نتائج سے جرمن وفاقی پارلیمنٹ، تمام صوبائی پارلیمنٹ کے علاوہ دیگر حکومتی اداروں سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کو آگاہ کیا جائے گا۔