کوئٹہ ( ہمگام نیوز) بلوچستان کے بولان میں بارشوں اور سیلاب کے باعث بجلی کے 13 ٹاورزگر گئے ۔ ترجمان کیسکو کے مطابق ٹاور زگر نے سے دادو ۔ خضدار ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی سپلائی بند ہوگئی جس سے بلوچستان کے 27 گرڈاسٹیشنوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے اور کیسکو کے سسٹم میں 700 میگاواٹ برقی قلت کا سامنا ہے ۔
ترجمان کیسکو کا کہنا ہے کہ 220 کے وی سی کوئٹہ اور 132 کے وی سبی کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی تاحال بند ہے ، بحالی کے لیے بولان کے علاقوں پیر غائب سے ڈھاڈر تک پیٹرولنگ شروع کر دی گئی ہے لیکن زمینی راستہ اور مواصلاتی نظام منقطع ہونے سے پیٹرولنگ اور بجلی کی بحالی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔
کیسکو ترجمان کا بتانا ہے کہ کوئٹہ شہر کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے ، برقی قلت کے باعث شہر کے فیڈروں کو باری باری بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔
ادھر 220 کے وی دادو ۔ خضدار ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی سپلائی بھی بند ہے جس سے خضدار ، قلات ، سوراب ، مستونگ ، نوشکی ، چاغی اور خاران کے اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہے ۔ کیسکو تر جمان کا بتانا ہے کہ صوبے کے متاثرہ اضلاع میں بجلی کی بحالی کی صورتحال معمول پر آنے میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے ۔ ۔


