کراچی (ہمگام نیوز ) بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کراچی زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کے مہمان خاص مرکزی سیکرٹری جنرل غنی بلوچ تھے اور اجلاس میں مختلف ایجنڈوں پر بحث و مباحثہ کیا گیا جبکہ نئی زونل باڈی کی تشکیل بالاچ برکت صدر اور تسمیہ بلوچ جنرل سیکرٹری منتخب ہوئیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ تعلیم ہی انسانی ترقی کا زینہ ہے جس پر چڑھ کر ہی ہم اپنی منزل حاصل کرسکتے ہیں اور انسانیت کی منزل پر پہنچ سکتے ہیں۔آج کے جدید دور میں تعلیم کی اہمیت سے کوئی بھی باشعور فرد انکار نہیں کرسکتا اس لئے بلوچ طالب علم اپنے صفحوں میں اتحاد پیدا کرکے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی میدان میں اعلیٰ مقام حاصل کریں اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
غنی بلوچ نے مزید کہا کہ تنظیم کو کراچی کے تعلیمی اداروں میں فعال اور مضبوط بنانے کے لئے ممبران پر لازم ہے کہ وہ اپنی تربیت اور تنظیم سازی پر خصوصی توجہ دیں،تنظیمی پروگرامز کو وسعت دینے کے لئے ایسے تربیتی پروگرام تشکیل دیں جن سے طلبہ کی تخلیقی و تحقیقی صلاحتیں کھل کر سامنے آسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کا رول ختم ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے طالب علموں کی تخلیقی قوت ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے جو کہ طالب علموں کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہے ہمیں اپنے طالب علموں کو رٹا کلچر سے دور کرنے کے لیے ان کی مکمل رہنمائی کرنے کی ضرورت ہے۔
آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں کراچی زون کو مزید فعال بنانے کے لئے نئی کابینہ تشکیل دی گئی جس میں بالاچ برکت بلوچ صدر،شبیر بلوچ نائب صدر،تسمیہ عزیز بلوچ جنرل سیکرٹری،فرید بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور صادق بلوچ انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔