Homeخبریںبلوچ قوم اپنی اہداف کی حصول کے لئیے مشکل ترین حالات میں...

بلوچ قوم اپنی اہداف کی حصول کے لئیے مشکل ترین حالات میں ثابت قدم رہیگی، ایرانی و پاکستانی قابضین کا جبر ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ ایف بی ایم

کوئٹہ(ھمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ

پاکستانی ریاست کی قابض فوج کی جانب سے بلوچستان میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور بعد ازاں مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر تیز کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایران کے اندر حالیہ علاقائی کشیدگی، بالخصوص اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ جنگ بندی کے بعد، بلوچ سیاسی کارکنوں، سماجی کارکنوں اور بلوچ شناخت رکھنے والے افراد کے خلاف عدالتی اور غیر عدالتی سزاؤں میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ یہ دونوں صورت حال اس حقیقت کی عکاس ہیں کہ بلوچستان کے دونوں حصوں میں بلوچ قوم ریاستی جبر، سیاسی محرومی اور قومی شناخت کے انکار کا مسلسل سامنا کر رہی ہے۔

فری بلوچستان موومنٹ اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کرتی ہے کہ بلوچستان کی سرزمین پر پاکستان اور ایران دونوں اپنی اپنی حدود میں قابض ریاستوں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہمارا یہ مؤقف کسی مذہبی، نسلی یا عوامی دشمنی پر مبنی نہیں بلکہ بلوچ قوم کے حقِ آزادی، سیاسی آزادی اور بین الاقوامی انصاف کے ان اصولوں پر استوار ہے جنہیں عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور میں بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ہماری جدوجہد کسی قوم کے عوام کے خلاف نہیں بلکہ ان ریاستی پالیسیوں کے خلاف ہے جو طاقت کے ذریعے ایک قوم کی اجتماعی شناخت، آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کو سلب کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم اس امر پر زور دیتے ہیں کہ ریاستی تشدد خواہ بلوچستان کے مشرقی حصے میں پاکستان کے ہاتھوں ہو یا مغربی حصے میں ایران کے ذریعے، اس کی نوعیت اور مقصد ایک ہی ہے: بلوچ قوم کو خوف، خاموشی اور سیاسی بے بسی کی کیفیت میں مبتلا رکھنا۔ جب قابض ریاستیں اختلافِ رائے کا جواب قانون، انصاف اور سیاسی مکالمے کے بجائے جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، اجتماعی سزا اور پھانسیوں سے دیتی ہیں توانہیں یہ یاد رکھنا ہوگا کہ مقبوضہ اقوام کو اس طرح کے تشدد سے کچھ عرصے تک محکوم رکھا تو جاسکتا ہے لیکن انکی اجتماعی امنگوں اور قومی آجوئی کی جہد کو کبھی ختم نہیں کیا جاسکتا۔ تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ طاقت وقتی طور پر آوازوں کو دبا سکتی ہے، لیکن قومی شعور اور آزادی کی خواہش کو شکست نہیں دے سکتی۔

ان کا کہنا ہے کہ فری بلوچستان موومنٹ ہر اس بلوچ کی آواز ہے جو دنیا کے کسی بھی حصے میں ریاستی جبر، ناانصافی یا سیاسی انتقام کا شکار ہو۔ ہماری ذمہ داری کسی ایک علاقے یا طبقے تک محدود نہیں بلکہ پوری بلوچ قوم اور اس کے اجتماعی قومی مفادات سے وابستہ ہے۔ ہم اس اصول پر یقین رکھتے ہیں کہ اگر ایک بلوچ پر ظلم ہوتا ہے تو وہ پوری بلوچ قوم کے اجتماعی ضمیر کا مسئلہ ہے۔ یہی قومی یکجہتی ہماری سیاسی جدوجہد کی بنیاد ہے اور یہی وہ اصول ہے جو ہمیں ہر مظلوم بلوچ کے ساتھ کھڑے ہونے کا اخلاقی اور قومی فریضہ عطا کرتا ہے۔

فری بلوچستان موومنٹ اپنے قیام کے روزِ اول سے اس عزم کے ساتھ سرگرمِ عمل ہے کہ بلوچستان کی سرزمین پر بلوچ قوم سمیت جدی پشتی حیثیت سے آباد تمام کے باشندوں کے سیاسی، قومی، ثقافتی اور انسانی حقوق کے تحفظ اور بلوچستان کی مکمل قومی آزادی کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی اور عوامی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہماری سیاست کا محور اقتدار یا وقتی سیاسی مفادات نہیں بلکہ بلوچ قوم کے اجتماعی مفادات، قومی وقار اور ایک آزاد و خودمختار بلوچستان کا حصول ہے۔

مزید اطلاعات کے مطابق ایف بی ایم کے مطابق آج جبکہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں، جبری گمشدگیوں کا سلسلہ نہیں رکا، ماورائے عدالت قتل جاری ہیں، اور ایران و پاکستان دونوں بلوچ عوام کو سیاسی انتقام اور ریاستی تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں، ایسے وقت میں بلوچ قوم کے درمیان اتحاد، قومی شعور اور مشترکہ جدوجہد پہلے سے کہیں زیادہ ناگزیر ہو چکی ہے۔ دونوں قابض ریاستوں کی پالیسیوں کا بنیادی مقصد بلوچ قوم کو خوفزدہ کرنا، تقسیم کرنا اور آزادی کی قومی جدوجہد کو کمزور کرنا ہے، لیکن تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ کوئی بھی قابض طاقت کسی قوم کی آزادی کی خواہش کو ہمیشہ کے لیے ختم نہیں کر سکتی۔

فری بلوچستان موومنٹ عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور تمام جمہوری ممالک سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بلوچستان میں پاکستان اور ایران کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، سیاسی قیدیوں پر تشدد اور آزادیِ اظہار پر قدغن کا فوری نوٹس لیں، اور بلوچ قوم کے بنیادی حقِ آزادی کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق تسلیم کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

دریں اثنا بی ایف ایم نے آخر میں کہا ہے کہ ہم اپنے شہداء، اسیران، جبری گمشدہ افراد، متاثرہ خاندانوں اور پوری بلوچ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ فری بلوچستان موومنٹ اپنی سیاسی، سفارتی اور عوامی جدوجہد کو مزید مؤثر، منظم اور مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہماری جدوجہد کا سرچشمہ نفرت نہیں بلکہ آزادی، انصاف، انسانی وقار اور بلوچ قوم کے ناقابلِ تنسیخ حقِ آجوئی کا اصول ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ تاریخ کا دھارا ہمیشہ ان اقوام کے حق میں بہتا ہے جو اپنے اصولوں پر ثابت قدم رہتی ہیں، اپنی قومی شناخت کا دفاع کرتی ہیں اور آزادی کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھتی ہیں۔

دنیا بھی ان اقوام کی عزت اور حوصلہ افزائی کرتی ہے جو اپنے ہدف کے حصول کے مشکل سے مشکل حالات کو بھی خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے ان حالات کا مقابلہ بھی سیاسی اخلاقی مروت کے ساتھ کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز