لندن(ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ کے صدر اور بلوچ قوم پرست آزادی پسند رہنما حیربیار مری نے اپنے ایک ٹویٹ میں ایرانی رہنما مجتبیٰ خامنہ ای کے ایک تحریری بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ’’صہیونی دشمنانہ منصوبے‘‘ کو برداشت نہیں کرے گا اور تمام مسلم قیادت اور مسلم ممالک سے اسلامی اتحاد کا مطالبہ کیا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’جو کوئی مسلمانوں کے درمیان تقسیم پیدا کرتا ہے، خواہ جان بوجھ کر یا انجانے میں، وہ اسلام کے دشمنوں کی مدد کرتا ہے۔‘‘
حیربیار مری نے کہا کہ خامنہ ای فلسطین کی حالت زار کو تو یاد کرتے ہیں، لیکن ایرانی ملا رجیم کے ہاتھوں بلوچوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں، من گھڑت مقدمات اور جاری جبری بے دخلی کو بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’فارسیوں نے دوسرے مسلم اقوام کی سرزمینوں پر قبضہ کرکے ایران تشکیل دیا ہے، جن میں الاحواز، کرد اور بلوچ شامل ہیں۔‘‘
حیربیار مری نے مزید کہا کہ ’’ایرانی عوام دعویٰ کرتے ہیں کہ مزاحمت ان کے خون میں ہے، حالانکہ انہیں صرف چھ ماہ سے بمباری کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ بلوچ عوام ایران کی جانب سے 98 سال سے بمباری کا سامنا کر رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’مزاحمت کو اپنے خون میں رکھنے والی قوم بلوچ ہے، جو آج بھی ہر قسم کے قبضے کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے ثابت قدم کھڑی ہے۔‘‘














