بولان (ہمگام نیوز) بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان ازاد بلوچ نے میڈیا میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز صبح 8 بجے پاکستانی فوج نے کاہان کے علاقے بمبور میں فضائی آپریشن کرتے ہوئے ہمارے کیمپ پر 4 گن شپ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شیلنگ شروع کردی اور جوابی کاروائی کرتے ہوئے ہمارے سرمچاروں نے راکٹ لانچر، ایل ایم جی اور اسنائپرز سے حملہ کرکے پاکستانی فوجی ہیلی کاپٹروں کو نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں وہ پسپا ہوکر فرار اختیار کرگئے.
ترجمان نے مزید کہا کہ اس کے بعد دوپہر 2 بجے مزید 3 ہیلی کاپٹر کیمپ کا محاصرہ کرنے کیلئے پہنچے، تاہم اس مرتبہ بھی ناکام ہونے کے بعد شام پانچ بجے تین ہیلی کاپٹر کیمپ کے نزدیک آنے سے محتاط ہوکر دور سے پرواز کرتے ہوئے نظر آئے.
آزاد بلوچ نے کہا کہ پاکستانی فوج کو پسپا کرنے کے بعد ہمارے سرمچار بغیر کسی نقصان کے محفوظ مقامات پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے.
ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ سرمچاروں کی بروقت اور موثر دفاعی حکمت عملی نے قبضہ گیر پاکستانی فوج کی فضائی آپریشن کو ناکام بنایا.


