شال (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے بولان، سبی ، ڈھاڈر اور گردونواح میں قابض پاکستانی فورسز کی زمینی و فضائی جارحیت میں مزید شدت آ چکی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج نے بولان، سبی اور ڈھاڈر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر فوجی نقل و حرکت شروع کر دی ہے، جس میں سینکڑوں فوجی دستے، ہیلی کاپٹر اور بھاری اسلحہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج صبح مسلح افراد نے ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس پر قبضہ کر لیا تھا، جس کے بعد پاکستانی فوج نے ردعمل کے طور پر مزید کمک طلب کی اور مختلف علاقوں میں فوجی جارحیت تیز کر دیا۔ فوجی ہیلی کاپٹروں کو سبی، ڈھاڈر اور گردونواح میں پروازیں کرتے دیکھا گیا ہے، جبکہ زمینی فورسز علاقے کا محاصرہ کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ قابض پاکستانی فوج مقبوضہ بلوچستان میں شدید شکست اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ بلوچ آزادی پسندوں کے حملوں کے باعث قابض فوج کی رٹ ختم ہو چکی ہے، اور اس کا غصہ بے گناہ بلوچ عوام پر نکالا جا رہا ہے۔ جبری گمشدگیاں، ٹارگٹ کلنگ، جعلی انکاؤنٹر اور اجتماعی سزائیں قابض پاکستانی فوج کے پرانے ہتھکنڈے ہیں، جو آج بھی جاری ہیں۔