دہلی(ہمگام نیوز) مانٹیرینگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں قائم انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران 244 ڈاکٹروں کی موت ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ صرف اسی اتوار کے روز وائرس سے 50 ڈاکٹر جان بحق ہوگئے ہیں ۔
کشمیری میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹروں کی سب سے زیادہ 69 اموات بھارتی ریاست بہارمیںہوئی ہیں جبکہ اترپردیش میں 34 اور دہلی میں 27 ڈاکٹر وائرس سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جے یش لیلی نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ یہ بہت بدقسمتی ہے کہ ہم نے اتوار کے روز بھارت بھر میں 50 ڈاکٹر کھودیے اور اپریل کے پہلے ہفتے کے بعد وبا کی دوسری لہر کے دوران 244 ڈاکٹروں سے محروم ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم اے کو معلوم ہوا ہے کہ بہت سے ڈاکٹروں نے ویکسین نہیں لی ہے اور تنظیم اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام ڈاکٹرجو فرنٹ لائن پر ہیں وہ ویکسین لیں۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھارت بھر میں 736 ڈاکٹر اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک کورونا وائرس سے بھارت میں مجموعی طور پر تقریباً 1000 ڈاکٹروں کی موت ہوئی ہے جن میں سے صرف 3 فی صد نے ویکسین لی تھی۔
انہوں نے کہاکہ بھارت میں پانچ ماہ کی ویکسی نیشن مہم کے دوران صرف 66 فی صد طبی دیکھ بال کرنے والے کارکنوں نے مکمل طور پر ویکسین لی ہے اور آئی ایم اے ڈاکٹروں کی ویکسی نیشن کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔