Homeخبریںبھارت میں زہریلی شراب پینے سے 42 افراد ہلاک، 2 کی حالت...

بھارت میں زہریلی شراب پینے سے 42 افراد ہلاک، 2 کی حالت نازک

نئی دہلی (ہمگام نیوز) بھارتی ریاست گجرات میں زہریلی شراب پینے سے 42 شرابی ہلاک اور ایک سو سے زائد کو ہسپتال جانا پڑگیا ہے۔ بھارت میں اس طرح کے واقعات اکثر دیکھنے میں آتے رہتے ہیں کہ شراب پینے والوں کے لیے ان کا یہ من بھاتا مشروب ہی زہر بن جاتا ہے۔
حکام نے اس واقعے کے متعلقہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ درجنوں لوگ شراب پینے کی وجہ سے اس ہفتے کے شروع میں بیمار ہو گئے تھے۔ انہوں نے میتھا نول ملی شراب پی تھی۔ یہ گجرات ریاست کے کئی دیہاتوں میں فروخت ہوئی تھی۔
سینئیر پولیس افسر اشوک یادے کا اس واقعہ کے بارے میں کہنا ہے کہ اب تک صرف بوٹاڈ ضلع میں 31 لوگوں کی شراب پینے کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئی ہے۔ جبکہ ایک دوسرے پولیس افسر وی چندرا سیکر کے مطابق 11 افراد احمد آباد ضلع کے قرب و جوار میں مرے ہیں۔

اس واقعہ کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ جس سے یہی معلوم ہوا ہے کہ موت کی وجہ زہریلی شراب ہی بنی ہے۔ ریاست گجرات کے وزیر داخلہ ہارش سانگھاوی کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں داخل کرائے گئے 97 میں سے دو کی حالت نازک ہے۔
گجرات وزیر اعظم مودی کا آبائی ضلع ہے۔ یہ بھارت کے ان اضلاع میں سے ایک ہے جہاں شراب کی فروخت اور استعمال ممنوع ہے۔ اس واقعے کے بعد حکام نے پوری ریاست گجرات میں مختلف جگہوں پر چھاپے مار کر شراب برآمد کی ہے اور لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سینکڑوں لوگ ہر سال اس طرح کی سستی اور زہریلی شراب پینے سے مر جاتے ہیں۔ پچھلے سال ریاست کے شمالی حصے میں 98 لوگ اسی طرح کی شراب پینے کی وجہ سے مارے گئے تھے۔ جبکہ 2019 میں اسی طرح کے واقعے میں آسام میں 150 لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔

Exit mobile version