کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے ایک اعلامیہ میں کہا کہ بی این ایم کوبیرونی ممالک میں منظم کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ چند مہینوں میں کئی سینئر جہد کار اور بلوچ دوستوں نے بی این ایم میں شمولیت کی ہے اور بیرونی ممالک میں بی این ایم کی کاوشوں اور طریقہ کار سے اتفاق کیا ہے۔ گزشتہ دنوں بی این ایم کے خارجہ سیکریٹری حمل حیدر کی صدارت میں یورپ اور نارتھ امریکہ کے سینئر ارکان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں یورپ اور نارتھ امریکہ ریجن کیلئے کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ بی این ایم کے چیئر مین خلیل بلوچ نے اجلاس کی کارروائی اور کمیٹیوں کی باقاعدہ منظوری دی ہے، جو اس طرح ہوں گے۔ نارتھ امریکہ ریجن میں ڈاکٹر ظفر بلوچ کنوینر اور نبی بخش بلوچ ڈپٹی کنوینر جبکہ امتیاز بلوچ، زاہد عبداللہ بلوچ اور مرید بلوچ کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ یورپ کمیٹی میں ڈاکٹر نسیم بلوچ کنوینر اور تاج بلوچ ڈپٹی کنوینر جبکہ غفار بلوچ، حاتم بلوچ اور کیّا بلوچ کمیٹی کے ممبر نامزد کئے گئے ہیں۔ جبکہ انٹرنیشنل کمیٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، اس کمیٹی میں چیئرمین بی این ایم خلیل بلوچ ، حمل حیدر، کچکول ایڈوکیٹ، نبی بخش بلوچ، ڈاکٹر نسیم بلوچ اور شاہ میر بلوچ شامل ہیں۔