Homeخبریںبی آر پی کا لندن میں سات روزہ آگاہی مہم اختتام پزیر،...

بی آر پی کا لندن میں سات روزہ آگاہی مہم اختتام پزیر، برطانیہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف اقدامات کی اپیل

جنیوا(ہمگام نیوز) بلوچ ریپبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیر محمد بگٹی نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ لندن میں بی آر پی کی جانب سے سات روزہ آگاہی مہم چلائی گئی جس کا مقصد بلوچستان میں بڑھتی ہوئی جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کی مسخ شدہ لاشوں کے ملنے کے نا ختم ہونے والے سلسلے کو عالمی برادری کے سامنے  لانا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سات روزہ آگاہی مہم 19 جنوری کو لندن میں برطانیہ کے وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے کو شروع کیا گیا تھا جو آج ایک مظاہرے کے بعد اختتام پزیر ہوا۔
آگاہی مہم کے آخری روز ایک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں فری بلوچستان موومنٹ کے رہنماوں اور کارکنان سمیت پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بی آر پی کے مرکزی رہنما منصور بلوچ نے کہا ہے کہ ہم برطانیہ کے حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان  کی سنگین انسانی حقوق کے صورتحال کا خود جائزہ لیں اور عملی طور پر مداخلت کرتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں لاپتہ بلوچ کارکنان  کی بازیابی کیلئے پاکستانی حکومت پر دباو ڈالیں۔

جبکہ ایف بی ایم کے رہنما فیض بلوچ نے مظاہرے  کے دوران برطانوی حکومت کو مخاطب  کرتے ہوئے کہا ہے وہ پاکستانی فوج کو امداد فراہم کرنا بند کریں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے متعدد جہادی گروپ بنا رکھے ہیں جو بلوچ، پشتون، سندھی جیسے محکوم قوموں کے آواز کو کچلنے کیلئے استعمال ہورہے ہیں۔

لندن میں مقیم پی ٹی ایم کے کارکن فلک نیاز خان نے کہا ہے کہ ہم بلوچ ریپبلکن پارٹی کے کارکنان کو کامیاب آگاہی مہم کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے جس ظلم سے بلوچ قوم گزر رہی ہے اسی طرح پشتون قوم کے بچے بھی لاپتہ اور قتل کیئے جارہے ہیں۔

فلک نیاز خان کا کہنا تھا کہ ہزاروں کی تعداد پشتون بھی لاپتہ ہیں اور ہم بلوچ قوم کے درد کو بھی سمجھتے ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح لوگوں کو اٹھا کر لاپتہ کرنے سے آپ پاکستان کو مستحکم نہیں  کر سکتے ہیں
انھوں نے مزید کہا ہے بلوچ اور پشتون کوئی غیر قانونی بات نہیں کررہے بلکہ بلوچ اور پشتون قوم کے مطالبات پاکستان کے آئین و قانون سے متصادم نہیں ہیں بلکہ وہ اپنے جائز حقوق کی بات کررہے ہیں اور اپنے وسائل پر اپنے حق کی بات کرتے ہیں جس کی وجہ سے پاکستانی فوج بلوچ اور پشتون نوجوانوں کو اٹھا کر لاپتہ کررہی ہے۔

بی آر پی کے ترجمان شیر محمد بگٹی نے پی ٹی ایم اور ایف بی ایم کے کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی آر پی ہر فورم پر بلوچ قوم کے خلاف ریاستی جبر و بربریت کے خلاف آواز اٹھاتی رہیگی
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست کی جبری گمشدگیوں  اور مار کر پھینکنے کی پالیسی اب مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے بلوچ قوم اپنے حق سے دستبردار ہونے والے نہیں ہیں اور ہم یورپی یونین کے تمام ممبر ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان میں پاکستانی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیتے ہوئے عملی طور پر اس کو روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔

Exit mobile version