کوئٹہ(ہمگام نیوز) ہیومن رائٹس کمیشن آف بلوچستان (HRCB) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں مارگٹ چخوبی وڈھ سے گرفتار ہونے والے مزدوروں کی رہائی کیلئے بی ایل اے سے اپیل کی ہے۔
ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہم بلوچ لبریشن آرمی سے اپیل کرتے ہیں کہ زیر حراست تین مزدوروں کو رہا کریں جنہیں 26 جون کو بلوچستان کے علاقے کوئٹہ میں مارگٹ وڈھ کے مقام سے موبائل ٹاور لگانے کے وقت گرفتار کیا گیا تھا۔
ٹویٹ میں مزید ہے کہ مزدوروں کو نقصان دیئے بغیر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ 26 جون 2021 کو مقبوضہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے پہاڑی علاقے مارگٹ چخوبی وڈھ کے مقام پر بی ایل اے نے موبائل ٹاور لگانے والے تین مزدوروں کو حراست میں لیا تھا اور وہاں موجود مشینری کو آگ لگادیا تھا۔
اس بابت بی ایل اے کے ترجمان آزاد بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ زیر حراست مزدور چین و قابض پاکستان کی استحصالی ٹیلی کام کمپنی کیلئے بلوچستان کے غیر آبادی والے پہاڑی علاقے میں ٹاور لگارہے تھے۔
ترجمان نے مزید کہا تھا کہ مذکورہ مزدوروں کو اس شرط پر رہا کریں گے اگر کوئی بین الاقوامی ادارہ بشمول اقوام متحدہ کے ادارے یا پھر ریڈ کراس کے جینوا میں موجود نمائندے دس روز کے اندر ان مزدوروں کی ضمانت اس شرط پر اٹھاتے ہیں کہ وہ آئندہ مقبوضہ بلوچستان میں کبھی ایسے منصوبوں کا حصہ نہیں بنیں گے۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر بین الاقوامی ادارے ذمہ داری نہیں اٹھاتے تو پھر ان مزدوروں کو بارہا تنبیہ کیے جانے کے باوجود باز نہ آنے کے جرم میں بلوچ قومی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


