جرمنی(ہمگام نیوز)بی این ایم کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ سات اپریل کو بی این ایم جرمنی زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت زونل صدر غفار بلوچ نے کی اور مہمان خاص پارٹی کے فارن سیکریٹری حمل حیدر بلوچ تھے۔
حمل حیدر بلوچ، غفار بلوچ اور ساتھیوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ نیشنل موومنٹ کا بیرون ملک فعال ہونا اور قومی آزادی میں کردار ادا کرنا نہایت اہم اور ضروری ہے کیونکہ بلوچستان میں سیاسی سرگرمیوں سمیت ہر قسم کی سرگرمی پر قابض پاکستان نے پابندی عائد کی ہے۔ دوسری جانب عالمی اور خطے کی بدلتے حالات بلوچستان پر برائے راست اثر انداز ہورہے ہیں۔
مقررین نے کہا پاکستان اپنے اتحادی چین کے ساتھ مل کر بلوچ نسل کشی،استحصال، وسائل کی لوٹ مار اور غلامی کو طول دینے کے لیئے گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں۔ اورمقبوضہ بلوچستان میں عوامی سیاست پر مکمل پابندی ہے اور سیاسی گرمیوں کے پاداش میں ہمارے ہزاروں نوجوان شہیدکیئے جاچکے ہیں۔ ہزاروں نوجوان پاکستان کے زندانوں میں قید و بند کی اذیتیں سہہ رہے ہیں۔ ایسے میں بیرون ملک ہماری اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم دنیا کو آگاہ کریں کہ بلوچستان میں پاکستان نے کس بھیانک طریقے سے قیامت برپا کررکھی ہے اوریہ قیامت اس وقت آئی جب پاکستان نے بزور طاقت بلوچوں کی مرضی و منشا کے بغیر ہماری آزاد اور خود مختار ملک پر قبضہ کیا۔ اس دن سے لیکر آج تک بلوچ قوم ظلم کی چکی میں پس رہی ہے۔ ان مظالم سے چھٹکارا صرف قومی آزادی میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں زونل کابینہ تحلیل کی گئی اور نئے انتخابات کے لیئے الیکشن کمیٹی تشکیل دیدی گئی جس کی نگرانی میں زون کے انتخابات کرائے گئے۔اس میں تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے،نو منتخب اراکین میں حمل بلوچ صدر، دوستین بلوچ نائب صدر، اصغر بلوچ جنرل سیکریٹری، نیاز بلوچ جوائنٹ سیکریٹری اور رحمان بلوچ فنانس سیکریٹری منتخب ہوئے۔
نومنتخب کابینہ سے سابق صدر غفار بلوچ نے حلف لیا۔ کابینہ کے نئے ارکان نے عہد کیا کہ وہ بلوچ قومی تحریک اور بلوچ نیشنل موومنٹ میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اس جدوجہد کو منزل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔


