کوہٹہ( ہمگام نیوز)بی این ایم( شہید غلام محمد) کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بی این ایم شہید جی ایم ہمیشہ ہی اپنے بیانات اور تجزیات میں بلوچ قومی یکجہتی اور یگانگت کا پرچار کرتی رہی ہے۔اور ایک لمبے عرصے سے اسی تگ ودومیں لگی رہی ہے کہ بلوچ قوم ایک مشرکہ پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی قومی بقا ء کی جدوجہد کو منزل کی جانب روانہ کریں۔اس بابت ہمارا موقف ہمیشہ ہی یہی رہا ہے کہ ہم اپنی تنظیمی شناخت کو اجتماعیت پر قربان کرنے میں پہل کرینگے اور ایک متحدہ اور باشعور سیاسی قوم بن کر بلوچ قومی شناخت کو بچانے کی خاطر مشترکہ جدوجہد کرینگے۔ترجمان نے کہا کہ کافی عرصے سے ہم نے تمام تر آزادی پسند تنظیموں اور رہنماؤں سے روابطہ کیے اور ایک سازگار سیاسی ماحول پیداکرنے کی کاوشیں جاری رکھیں اور تمام تنظیموں اور دوستوں نے ہم سے ایک نظریاتی اور ایماندار انہ رشتہ قائم رکھا۔ترجمان نے کہا کہ ہمارے شہید قائد بھی ہمیشہ اسی بات کا درس دیتے کہ بلوچ قومی آزادی کی خاطر ہمیں اپنے چھوٹے چھوٹے رنجشوں اور ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھ کر عظیم قومی مقصد کی خاطر اپنے تمام دوستوں کو ساتھ لیکر منزل کی جانب گامزن ہونا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمارے دوستوں نے بی آر پی کے دوستوں سے رابطہ کیا تو کافی حد تک ذہنی ہم آہنگی اور قربت کا احساس ہوا۔اور آج ہم نواب براھمداغ خان بگٹی کی قیادت پر بھر پور اعتماد کرکے بی آ رپی جیسے انقلابی تنظیم میں ضم ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔آج سے بی این ایم شہید جی ایم کے تمام کارکنان بی آر پی کا حصہ ہیں۔اور اپنی جدوجہد کو ایک نئے اور منظم انداز سے جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ترجمان نے آخر میں کہا کہ ہم امید کرتے ہیں آنے والے وقت میں تمام سیاسی قیادت بھی اتحاد اور قربت کی اس بہترین مثال کو اپناتے ہوئے یک جاہ ہوکر دشمن کا مقابلہ کر کے بلوچ شہدا ء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گے۔


