کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں فوجی آپریشن، فوج کے ہاتھوں خواتین اور بچوں کے اغوا کے خلاف جرمنی اور آسٹریلیا میں احتجاجی مظاہرے کریں گے اور سفارت خانوں میں یاد داشتیں پیش کریں گے۔ مختلف علاقوں میں جاری آپریشن میں سینکڑوں نہتے شہریوں کو اغوا کرکے لاپتہ کیاگیا ہے۔ دشت، ڈیرہ بگٹی و پسنی و دیگر علاقوں سے کئی خواتین کو پاکستانی فوج اُٹھاکر نا معلوم مقام پر منتقل کرچکا ہے۔ ضلع کیچ کے علاقے دشت میں دوران آپریشن فوجیوں کی تصاویر کھینچنے کا بہانہ بنا کر دو بہنوں کو بندوق کی بٹ سے زد وکوب کرکے شدید زخمی کیا گیا ہے، جو ہسپتال میں داخل ہیں۔ ان کو بچانے کی کوشش میں ان کے بھائی کو بھی تشدد کا نشانہ بنا یا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فوج نے آج پسنی سے عمر رسیدہ شخص صوالی کو اغوا کیا گیا، جس کے دو بیٹوں احمد اور فیصل کو کل اُٹھا کر لاپتہ کیا گیا تھا۔ جب کہ ان کے ایک اور بیٹے، بی این ایم پسنی کے کارکن عابد ولد صوالی کو تیس مئی 2013 کو اسی فوج نے قتل کرکے شہید کیا تھا۔ ان مظالم کے خلاف 9 اپریل کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں مظاہرہ کیا جائے گا۔ 9 اپریل شہدائے مرگاپ کی آٹھویں برسی بھی ہے۔ اسی دن انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے۔ 22 اپریل کو جرمنی کے دارالحکومت برلن میں برلن گیٹ کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا۔ مظاہروں میں پملفٹ تقسیم کئے جائیں گے اور مختلف سفارت خانوں میں یاد داشتیں پیشگی جمع کی جائیں گی۔