تربت(ہمگام نیوز) دشت کے راستے میں مسافر بسو ں کے درمیان تصادم ،60کے قریب مسافر زخمی، 1کی حالت نازک، 8شدید زخمی ہوگئے،9زخمیوں کو علاج کے لیئے کراچی منتقل کردیاگیا۔دشت بیری میں کراچی اور مند سے آنے اور جانے والے مسافر بسوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دونوں بسوں میں سوار 60کے قریب مسافر زخمی ہوگئے جنہیں اطلاع ملنے پر لیویز فورس اور مقامی لوگوں نے جائے وقوعہ سے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 50کو معمولی چوٹیں آئی تھیں جنہیں طبعی امدا د دینے کے بعد فارغ کردیاگیا جبکہ باسط نامی ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہونے کے علاوہ آٹھ دیگر مسافر وں کو گہری چوٹیں آئی تھیں جن کے نام حامد علی ولد محمد یوسف، غلام فاروق ولد عبدالمجید ، غلام رسول ولد لعل بخش ،محمد علی ولد علی محمد شمیم احمد ولد محمد حسین راحیل ولد عبدالباسط ،نواز ولد رسول بخش اور محمد ولد داد الراحمن شامل ہیں جنہیں مذید علاج کے لیئے یہاں سے کراچی منتقل کردیاگیا۔ ذرائع کے مطابق مسافر بسوں میں ٹکراؤں کا سبب ڈرائیوروں کی غفلت اور نشہ آور اشیاء کا استعمال ہے نشہ کے سبب ان پر غنودگی طاری تھی اور بسیں بے قابوہو کر ایک دوسرے سے ٹکراگئیں ، عوامی حلقوں نے منشیات کے عادی ڈرائیوررکھنے پر ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں حادثات کا سب سے بڑا ذمہ دار قرار دیا ہے۔


