تربت (ہمگام نیوز) تربت سول سوسائٹی کے ترجمان نے نوکنڈی میں گاڑی ڈرائیور کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کے غیر انسانی سلوک کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ظلم، بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سے تعبیر کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نوکنڈی میں فورسز کی زیادتیوں کے سبب اب چار بے گناہ گاڑی ڈرائیور کی شہادت کی اطلاع ہیں اور ممکن ہے کہ صحرائی علاقے میں بھوک اور پیاس کی شدت سے شہادتوں کی تعداد زیادہ ہو، انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب جب لوگوں نے اس زیادتی کے خلاف پر امن احتجاج کیا تو فورسز نے نہتے مظاہرین پر فائرنگ کرکے دس شھریوں کو زخمی کردیا جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا رویہ عام شہریوں بالخصوص سرحدی ایریا کے عوام کے ساتھ انتہائی جابرانہ ہے، نوکنڈی سے پہلے ضلع کیچ میں بھی ایسی صورت حال پیدا کی گئی اور سرحدی تجارت پر بے جا پابندیاں لگا کر لوگوں کے معاش پر قدغن لگائی گئی ہے اب نوکنڈی میں بھی مظالم کی بدتریں شکل ڈھائی جارہی ہے جو ریاست کے آئین سے متصادم قابل مذمت عمل ہے۔