Homeخبریںتمام ممالک ایران سے تیل خریدنا مکمل طور پر بند کر دیں،امریکی...

تمام ممالک ایران سے تیل خریدنا مکمل طور پر بند کر دیں،امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منوچن

واشنگٹن (ہمگام نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منوچن نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف عائد پابندیوں سے کسی بھی ملک کا اب اپنے لیے واشنگٹن سے استثنیٰ حاصل کرنا ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں اوباما دور حکومت کے مقابلے میں زیادہ سخت تر ہو گا۔اسٹیون منوچن نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے اتوار کے روز کہا کہ ایرانی تیل خریدنے والے ممالک کو اپنے ہاں ایرانی تیل کی درآمدات کو کم از کم بیس فیصد تک کم کرنا ہو گا۔ اس طرح یہ حجم 2013ء سے 2015ء کے دوران استثنیٰ حاصل کرنے سے قبل کی سطح تک پہنچ جائے گا۔
منوچن کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب ابھی دو ہفتوں بعد ہی ٹرمپ انتظامیہ ایرانی تیل کی صنعت اور اقتصادی شعبے پر سخت پابندیاں عائد کرنے والی ہے۔امریکی پابندیوں کے بعد ایرانی تیل کی برآمدات میں دو تہائی تک کی کمی واقع ہو جائے گی اور اس کا اثر تیل کی عالمی منڈی پر بھی پڑے گا۔ تاہم منوچن کی خواہش ہے کہ تمام ممالک ایران سے تیل خریدنا مکمل طور پر بند کر دیں ! ’’مجھے توقع نہیں کہ نومبر تک برآمدات صفر تک پہنچ جائیں گی لیکن مجھے یہ توقع ضرور ہے کہ ہم ایرانی تیل کی برآمدات کو صفر پر ضرور لے آئینگے۔‘‘ امریکی پابندیوں کا اطلاق چار نومبر کے بعد ہو گا۔منوچن نے مزید کہا کہ اگلے دو برسوں کے دوران اقتصادی پابندیاں بہت سخت ہوں گی، ’’ابھی سے اس کے اثرات واضح ہونا شروع ہو گئے ہیں اور میری توقعات ہیں کہ پابندیوں کے عائد ہونے کے بعد ان کے نمایاں طور پر وسیع اثرات سامنے آئیں گے۔‘‘

Exit mobile version