تھرپارکر(ہمگام نیوز)ریسکیو ذرائع کے مطابق تھرپارکر کے علاقے نگرپارکر میں ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر تبدیل کرنے کے دوران دھماکے اور آگ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی، جبکہ واقعے میں اسپتال کے عملے سمیت 4 افراد زخمی ہوئے ۔
نگرپارکر کے علاقے ڈانو ڈھانڈل میں بنیادی صحت مرکز (بی ایچ یو پلس) میں کھڑی پی پی ایچ آئی کی ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر تبدیل کرنے کے دوران دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں حاملہ خاتون سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایمبولینس میں سلنڈر تبدیل کرتے ہوئے دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ نے ایمبولینس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واقعے میں جھلسنے سے متعدد افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال مٹھی منتقل کردیا گیا۔جاں بحق افراد میں حاملہ خاتون، 2 تیماردار اور اسپتال کے عملے کے 4 ملازمین شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایمبولینس ڈرائیور اسحاق تھیبو، جسونت اور پاندھی راجڑ کی شناخت ہوگئی ہے، جبکہ دیگر لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث ان کی شناخت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ایمبولینس میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک بچہ بھی دم توڑ گیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی۔


