کراچی(ہمگام نیوز) کراچی جامعہ کراچی کے طلباء کی طرف سے ایک اعلامیے میں بلوچستان یونیورسٹی ہاسٹل سمیت بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں سے بلوچ طلبا کی جبری گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور اس ضمن میں لاپتہ طلباء کی بازیابی اور جامعہ بلوچستان میں جاری طلباء کی احتجاج کی حمایت میں ایک پیس واک کا اعلان کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایک طرف حکومتی حلقوں کی جانب سے بلوچ طلبا کی حفاظت کے بلند و بانگ دعوے کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف تعلیمی اداروں سے طلبا کی جبری گمشدگیوں میں اضافہ ایک المیے سے کم نہیں، جس کے خلاف بلوچستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی “بلوچستان یونیورسٹی” کو احتجاجاً بند کیا گیا ہے اور بلوچ طلبا یونیورسٹی گیٹ سے سامنے گزشتہ 15 دنوں سے احتجاج پر بیٹھے ہیں۔
جاری اعلامیے میں طلباء نے کہا کہ کل بروز بدھ 23 نومبر کو کراچی یونیورسٹی میں بلوچ یونیورسٹی کے طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک پیس واک کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں کراچی یونیورسٹی کے تمام طلباء و طالبات کو دعوت کی شرکت دی گئی ہے۔