یکشنبه, جون 1, 2025
Homeخبریںجبری اغواء کے شکار بلوچ فرزندوں کے لواحقین کے احتجاج کو سبوتاژ...

جبری اغواء کے شکار بلوچ فرزندوں کے لواحقین کے احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی ایک اور ریاستی کوشش

کراچی(ہمگام نیوز) قابض ریاستی فوج اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں جبری اغواء کے شکار بلوچ فرزندوں کے لواحقین نے کل سے کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ کا انعقاد کیا تھا جو تاحال جاری ہے۔

اس احتجاج کو سبوتاژ کرنے کے لئے ریاستی زر خرید جماعت، جماعت اسلامی کو ایک دفعہ پھر احتجاج میں خلل ڈالنے کے لئے کراچی پریس کلب بھیجا گیا ہے جو نام نہاد کشمیر ریلی کا انعقاد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی کے ریاستی کرایہ پر دستیاب افراد کے ساتھ احتجاج پر بیٹھے لواحقین کو خوف زدہ کرنے کے لئے پولیس، رینجرز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی بھی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے جو احتجاج پر بیٹھی خواتین کو ہراساں کررہی ہے۔

یاد رہے پچھلی دفعہ جب جبری اغواء کے شکار افراد کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کررہے تھے جماعت اسلامی نے اس احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تھی جہاں پاکستانی قابض فوج کی شعبہ تعلقات عامہ کے بنائے گئے نغمے اونچی آواز میں لگائے گئے تھے جس سے لواحقین کو تکلیف پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی۔

لواحقین نے بتایا کہ ریاستی اخلاقیات کی دیوالیہ اور گراوٹ کی آخری حد ہے کہ ہمیں غیر اخلاقی طریقے سے احتجاج سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک طرف تو ہمارے پیاروں کو بغیر کسی جرم و عدالتی کاروائی کے سالوں سے غائب کرکے اذیت ناک تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے تو دوسری جانب ہمیں آواز احتجاج بلند کرنے سے بھی روکا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر صورت اپنا یہ جمہوری حق استعمال کرتے رہیں گے اور اپنے پیاروں کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز