سه شنبه, مارچ 10, 2026
Homeخبریںجبری طور پر لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف جرمن شہر...

جبری طور پر لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف جرمن شہر ہنوفر میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا.BNM

کوئٹہ( ہمگام نیوز )بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 20 اپریل کو جرمنی کے شہر ہنوفر میں بلوچستان میں انسانی حقوق کی بدترین صورت حال اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور ساتھ ایک آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی.
بی این ایم ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان میں قابض پاکستانی فوج اور بے لگام خفیہ اداروں کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالی ایک مسلسل عمل بن چکی ہے. ہزاروں کی تعداد میں غیر مسلح بلوچ پاکستانی خفیہ جیلوں میں قید ہیں جہاں اُنہیں غیر انسانی اذیت دی جا رہی ہے. اسی غیر انسانی اذیت رسانی سے ہزاروں کی تعداد میں بلوچ فرزند شہید کئے جا چکے ہیں اور شہادتوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہیں.
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فوج و خفیہ اداروں کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے لوگوں کے لواحقین وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے پلیٹ فارم سے دس سالوں سے احتجاج کررہے ہیں لیکن ذمہ دار عالمی اداروں کی طرف سے کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے اور نہ ہی کوئی عملی اقدام اٹھایاجا رہا ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ چھبیس دسمبر کو متحدہ عرب امارات میں اماراتی خفیہ اداروں نے بلوچ فرزند راشد حسین بروہی کو بغیر کسی وجہ اور وارنٹ کے گرفتار کیا جن کی تاحال کوئی خبر نہیں ہے ہمیں خدشہ ہے کہ اسے پاکستان کے حوالے کیا جائے گا جہاں پہلے ہی دس ہزار بلوچوں کو دوران حراست ٹارگٹ کلنگ یا فوجی آپریشنوں میں قتل کرکے شہید کیا گیا ہے.
ترجمان نے کہا کہ احتجاج والے دن سوشل میڈیا میں SaveBalochMissingPersons# کے ہیش ٹیگ سے ایک آن لائن کمپئن بھی چلائی جائے گی. یہ کمپئن مقبوضہ بلوچستان کے وقت کے مطابق دوپہر دو بجے سے لیکر چھ بجے تک چلائی جائے گی.
بیان کے آخر میں بی این ایم ترجمان نے تمام بلوچ آزادی پسندوں اور انسانیت دوستوں سے گزارش کی کہ آن لائن کمپئن میں شرکت کرکے پاکستانی مظالم کو دنیا کے سامنے آشکار کرنے میں ہماری مدد کریں.

یہ بھی پڑھیں

فیچرز