جدہ (ہمگام نیوز) سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جدہ میں امریکی قونصل خانے کے باہر خودکش دھماکہ کرنے والا شخص ایک پاکستانی تھا تاہم پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے فی الحال اس امر کی تصدیق سے انکار کیا ہے کہ مذکورہ شخص پاکستانی شہری ہے۔
یہ دھماکہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب سحری کے وقت ہوا تھا اور اس میں خودکش حملہ آور ہلاک اور اسے روکنے کی کوشش کرنے والے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
منگل کو سعودی وزارتِ داخلہ کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤئنٹ سے جاری کیے جانے والے پیغامات میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور کا نام عبداللہ گلزار خان ہے جو ایک پاکستانی شہری ہے اور 12 برس قبل ڈرائیور کی نوکری کرنے کے لیے سعودی عرب آیا تھا۔
پیغام کے مطابق 15 ستمبر 1981 کو پیدا ہونے والا عبداللہ گلزار خان سعودی عرب میں اپنی اہلیہ اور ان کے والدین کے ہمراہ مقیم تھا۔
سعودی وزارتِ داخلہ نے ان پیغامات کے ساتھ ہی عبداللہ گلزار خان کی تصویر بھی جاری کی تھی۔
بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق پاکستان کی وزارتِ داخلہ کے حکام نے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ عبداللہ گلزار خان نامی یہ شخص پاکستانی ہے۔