برلن (ہمگام نیوز ) اڑنے والی گاڑیاں محض سائنس فکشن نہیں بلکہ جرمنی اس خیال کو عملی صورت دینے میں مصروف عمل ہے۔
جرمنی میں حکومت ،کار ساز ادارے آؤڈی اور ایئربا نے مشترکہ طور پر اڑنے والی ٹیکسیوں پر کام شروع کردیا ہے۔ جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں پہلے سے اس طرز کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔
ڈی پی اے کے مطابق جرمنی کے شہر انگلوشٹڈٹ میں جلد ہی فضاؤں میں اڑنے والی ٹیکسیاں دکھائی دینے لگیں گے۔ انگلوشٹڈٹ کو ٹیکنالوجی کا مرکز تصور کیا جاتا ہے اس لیے اس منصوبے کے آزمائشی بنیادوں پر آغاز کے لیے انگلوشٹڈٹ کو منتخب کیا گیا ہے۔ واضح رہے اس سے قبل ہیمبرگ شہر میں ٹرانسپورٹ کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے منصوبے پر کام کا آغاز کیا گیا تھا۔
جرمن ٹرانسپورٹ وزیر آندریاس شوئیر نے کہا “اڑنے والی ٹیکسیاں اب تک مستقبل کا ایک خواب کہی جاتی رہی ہیں۔ ان کی وجہ بالکل نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، جن میں شہری علاقوں میں میڈیکل ٹرانسپورٹ جیسے امور شامل ہیں”۔
مارچ میں جنیوا شہر میں ہونے والی پاپ اپ نیکسٹ نمائش میں آؤڈی اور ایئربس پہلے ہی اڑنے والی گاڑیاں پیش کرچکی ہیں۔ تاہم انگلوشٹڈٹ میں ان دونوں کمپنیوں کی جانب سے کہا گیا کہ وہ اس شہر کے لیے پہلے سے طے کردہ خیال کے بجائے کھلے دماغ سے نئے آئیڈیاز پر بھی کام کریں گے۔
شہر کے جامعات اور تحقیقی اداروں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس منصوبے میں حصہ لیں۔