حب ( ہمگام نیوز ) این این آئی کے مطابق نواب شاہ پولیس آفیسر کے بیٹے کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزمان فرار ہوگئے، مقتول کی لاش حب مشرقی بائی پاس سے ملی ہے، مقتول منگل کے روز نواب شاہ سے کراچی آیا تھا ، جس کے بعد اس کا موبائل فون بند ہوگیا۔
اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ بدھ صبح سویرے ایک اطلاع ملنے پر جب سٹی پولیس نے مشرقی بائی پاس سے 21 سالہ ایک نوجوان کی لاش برآمد کرکے جام غلام قادر گورنمنٹ ہسپتال منتقل کر دی، اس بارے رابطہ کرنے پر ایس ایچ او حب سٹی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 21 سالہ وقار ولد مجاہد ساکن نواب شاہ سندھ کے نام و پتہ سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کے سر پر گولی مار کر قتل نامعلوم قاتل فرار ہوگئے، مقتول نواب شاہ پولیس کے اے ایس آئی مجاہد کا بیٹا تھا، پولیس کے مطابق مقتول منگل کے روز دن 12:00 بجے نواب شاہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوا اور شام 5:00 بجے کراچی لیاقت آباد پہنچا جبکہ مقتول کے موبائل فون کی لوکیشن جمشید ٹاؤن کراچی میں ٹریس ہونے کے بعد موبائل سوئچ آف ہوگیا۔ حب سٹی پولیس کے مطابق مقتول کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے، تاہم فی الوقت قتل کی کوئی وجہ سامنے نہیں آ سکی ۔