Homeخبریںحماس اور اسرائیل میں گزشتہ برس کی جنگ کے بعد ایک مرتبہ...

حماس اور اسرائیل میں گزشتہ برس کی جنگ کے بعد ایک مرتبہ پھر شدید جھڑپیں

تل ابیب (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی جنگجووں نے غزہ سے اسرائیل پر متعدد راکٹ داغے، جواب میں اسرائیل نے جمعرات کو علی الصبح فضائی حملے کیے۔ یہ حملے گزشتہ برس کی گیارہ روز تک چلنے والی جنگ کے بعد سے اب تک کی سب سے شدید جھڑپیں ہیں۔

اسرائیلی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام کو غزہ سے ایک راکٹ جنوبی اسرائیلی شہر سدیروت کے ایک باغ میں گرا، لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسرائیل نے جمعرات کو علی الصبح وسطی غزہ پرجوابی حملہ کیا اور تقریباً ایک درجن راکٹ داغے۔ جس کے بعد فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کی جانب سے اسرائیل کی جانب چار راکٹ داغے گئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے غزہ میں ایک عسکری چوکی اور ایک سرنگ میں قائم کمپلکس کو نشانہ بنایا، جہاں راکٹ انجنوں کی تیاری کے لیے خام کیمیائی مواد موجود تھا۔

غزہ پر حکمرانی کرنے والے حماس نے کہا کہ اس نے اسرائیلی طیاروں پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے راکٹوں سے فائر کیا۔

یہ تازہ ترین جھڑپ ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب مسجد اقصیٰ کا احاطہ فلسطینیو ں اور اسرائیل کے درمیان تقریباً ایک ماہ سے تنازع کا مرکز بنا ہوا ہے۔

Exit mobile version