دہلی(ہمگام نیوز)بھارت کے وزیر مملکت برائے داخلی امور کرن ریجیجو نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ میں حملہ کرنے والے گروپ کو پاکستان کے بعض عناصر سے تعاون حاصل تھا۔واضح رہے کہ سنیچر کی صبح چند مسلح افراد نے پٹھان کوٹ میں بھارتی فضائیہ کے ایئر بیس پر حملہ کیا جس میں حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں اب تک چار حملہ آوروں سمیت کل سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس واقع پر وزارت داخلہ کے وزیر مملکت ریجیجو نے کہا: ’یہ افسوسناک واقع ہے لیکن ہماری سکیورٹی فورسز نے سخت جواب دیا ہے۔‘
انھوں نے کہا: ’ہمارے پاس اس گروہ کے بارے میں قابل اعتماد معلومات ہیں کہ انھیں سرحد پار سے بعض عناصر سپانسر کر رہے ہیں۔‘
اس سے قبل بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کا منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے کہا: ’پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے۔ ہم صرف پاکستان کے ساتھ ہی نہیں بلکہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر رشتے چاہتے ہیں۔‘انھوں نے کہا: ’ہم امن چاہتے ہیں لیکن اگر بھارت پر شدت پسند حملہ ہوا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘
دوسری جانب کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا: ’میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتا ہوں۔ میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے لواحقین کے ساتھ گہرے احساسات کا اظہار کرتا ہوں۔‘
جبکہ کانگریس کے ترجمان نے پنجاب میں شدت پسندانہ حملے پر سوال کیا کہ کیا نریندر مودی اس معاملے کو پاکستان کے سامنے اٹھائیں گے جہاں سے وہ ہو کر آئے ہیں۔
ترجمان رندیپ سرجے والا نے سوال کیا: ’حکومت کے پاس پاکستان سے آنے والے شدت پسندوں کو روکنے کے لیے کیا منصوبہ ہے؟‘
جبکہ برسراقتدار پارٹی بی جے پی کے ایک ترجمان نلن کوہلی نے کہا کہ حکومت ہند شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے اپنی جانب سے بہترین کوشش کر رہی ہے۔ادھر پٹھان کوٹ میں سینکڑوں افراد نے اس حملے کے خلاف مظاہرہ کیا ہے اور پاکستان مخالف نعرے لگائے ہیں۔