یکشنبه, نوومبر 24, 2024
Homeخبریںحکومت تسلیم کروانے کے لیے دنیا کی تمام شرائط پوری کی ہیں:طالبان...

حکومت تسلیم کروانے کے لیے دنیا کی تمام شرائط پوری کی ہیں:طالبان امیر

کابل(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے سربراہ ملا محمد حسن اخوند کا کہنا ہے کہ اسلامی امارات نے اپنی حکومت کو تسلیم کروانے کے لیے دنیا کی تمام شرائط پوری کی ہیں اور اب بالخصوص اسلامی ممالک کو طالبان حکومت کو تسلیم کرنے میں پہل کرنی چاہیے۔
سرکاری میڈیا ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن افغانستان (آر ٹی اے) کے مطابق اگست 2021 میں افغانستان کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد بدھ کو دارالحکومت کابل میں ملک کی پہلی اقتصادی کانفرنس سے خطاب میں امیر ملا حسن اخوند نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
ملا حسن کا کہنا تھا کہ جو طاقتیں انسانی حقوق کے تحفظ کے دعویدار ہیں، انہی کی پابندیوں اور افغانستان کے فنڈ منجمد کرنے سے افغان عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’پوری دنیا ایک قدم اٹھائے اور افغانستان کو تسلیم کرکے اس مسئلے کا خاتمہ کردے۔‘
حکومتی سربراہ کا کہنا تھا کہ عارضی امداد سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، ہمیں مل کر ایسے ذرائع تلاش کرنے چاہییں جو ہمیشہ کے لیے عوام کے مسائل کا حل کریں۔
ملا حسن نے کہا: ’اقتصادی پروگرام صحیح طریقے سے چلائے جائیں تو بہت جلد مسائل سے نکل جائیں گے۔ اگر ہم مل کر تعاون کریں، یہ مسائل خود بخود ختم ہوجائیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ سابق انتظامیہ میں چوری، کرپشن اور بدامنی تھی مگر اسے تسلیم بھی کیا گیا تھا اور اس کی مدد بھی کی جارہی تھی۔ ’اب ان سارے مسائل کا خاتمہ ہوچکا ہے مگر پھر بھی کہا جارہا ہے کہ سرمایہ کاری کے لیے حالات ٹھیک نہیں ہیں۔‘
انہوں نے اصرار کیا کہ حکومت تسلیم کروانے کے لیے دنیا کی شرائط پوری کی گئی ہیں اور اب اسلامی ممالک کو اس میں پہل کرنی چاہیے۔  

یہ بھی پڑھیں

فیچرز