یکشنبه, مارچ 15, 2026
Homeخبریںخاران میں ریاستی ڈیتھ سکواڈ شیخ سلیم کی بدمعاشیاں، زمینوں پر قبضے...

خاران میں ریاستی ڈیتھ سکواڈ شیخ سلیم کی بدمعاشیاں، زمینوں پر قبضے اور لوٹ مار

خاران (ہمگام نیوز) بدنام زمانہ شفیق مینگل اور ایم آئی کا پالتو، قاتل، چور، بدکار اور بدمعاش شیخ سلیم تگاپی نامی ڈیتھ سکواڈ کا سرغنہ جس کی کوئی شخصی حیثیت تک نہیں ہے، اپنے کرائے کے جتوں کے ساتھ خاران کے ایک انتہائی معزز نام مرحوم تاجر بازار پنچایت کے سابقہ صدر حاجی محمد ابراہیم جنگیزی کے فرزند حاجی مجیب الرحمن جنگیزی اور حاجی میرزا جنگیزی کے آبائی زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ ان سے ان کے اپنے ہی زمینوں کو بیچنے کا حق چھین کر انہیں دھمکی دے رہے ہیں۔

شیخ سلیم کی بدکرداریوں سے خاران سمیت پوری بلوچ قوم آگاہ ہے۔ شفیق کے بدروح شخصیت و ریاستی خفیہ ادارہ ایم ائی (MI) کے نام کے پیچھے معصوم بلوچوں کو، اغواء کرنے چوری ڈکیتی اور ان کی مال و زمینوں پر قبضہ کرنے جیسے حرکات اس کا پیشہ رہا ہے۔

گزشتہ دنوں نوروز آباد روڈ پر واقع حاجی محمد ابراہیم کی فیملی پر دباؤ ڈالنے کیلئے سلیم تگاپی نے جتوں کے ہمراہ ان کی زمینوں پر فائرنگ کرکے انہیں خوفزدہ کیا اور دہشت کی فضاء قائم کی۔ اس پورے معاملے میں ضلعی انتظامیہ، پولیس و دیگر ادارے تاحال خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان ریاستی غنڈوں کے سر پر علاقے میں برائے راست ایف سی و ایم آئی کا ہاتھ ہے۔ معزز بلوچوں کے زمینوں پر قبضہ کرنے اور لوٹ مار جیسے ناروا کاروائیوں میں ایم آئی بذات خود پورے بلوچستان میں مشہور ہے۔

تین چار روز قبل مرحوم حاجی ابراہیم کی زمینوں پر (کوہی خان مینگل) کے نام سے باقاعدہ وال چاکنگ کرکے انہیں دھمکی دی گئی ہے کہ ان زمینوں پر کام نہ کیا جائے۔ سب جانتے ہیں کہ کوہی خان مینگل قلات والا ڈیتھ سکواڈ کا ایک اہم کارندہ ہے۔ اس سے یہ صاف واضح ہے کہ یہ تمام معاملہ ریاستی اداروں کی سرپرستی میں ڈیتھ سکواڈ کی جانب سے ایک ملی بھگت ہے۔ جس وقت حاجی محمد ابراہیم کی زمینوں پر وال چاکنگ کی گئی اسی دوران علاقے میں مختلف جگہوں پر بی ایل اے کے نام سے بھی ڈیتھ سکواڈ نے چاکنگ کی ہے۔

واضح رہے کہ شیخ سلیم نے بدمعاشی سے مرحوم حاجی محمد ابراہیم کی فیملی سے قریب تین کروڑ روپے کے 20 پلاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔

خاران میں ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کی سرگرمیاں بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ کچھ روز قبل گواش و بیدیان میں واقع لیویر چیک پوسٹوں میں ڈیتھ سکواڈ کے غنڈوں نے اپنے لائسنس یافتہ ہتھیاروں اور موٹر سائیکلوں کے ساتھ گھس کر خود کو تنظیمی سرمچار ظاہر کیا اور لیویز اہلکاروں کے اسلحے اور موٹرسائیکل چھین کر لے گئے، ان ان ریاستی ڈیتھ اسکوائڈ کے کارندوں نے لیویز اہلکاروں کو زدوکوب کرنے کے ساتھ گندی گالیاں بھی دئیے ڈیتھ اسکوائڈ کے کارندوں نے سرکاری سامان کے علاوہ غریب لیویز اہلکاروں کے جیبوں سے ان کے پیسے بٹوے سمیت نکال لئے۔

ایک طرف شفیق مینگل کے پالتو شیخ سلیم اپنے غنڈوں کے ہمراہ خاران میں سرعام غنڈہ گردی اور بدمعاشی کررہا ہے تو دوسری جانب ڈیتھ سکواڈ کا کارندہ سردار چنگیز ساسولی بھی خاران کے علاقے گواش میں بھرپور سرگرم ہے۔ سردار چنگیز ساسولی گواش میں یلانزئی قبیلے کے بہت سی عام و زرعی زمینوں پر ریاستی سرپرستی میں زبردستی قبضہ کرچکا ہے۔

سردار چنگیز ساسولی کی طرف سے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے جاہل بندوق بردار قاتلوں اور بدکاروں کو اکٹھا کرکے خاران میں لایا گیا ہے جوکہ ہر وقت مسلح ہوکر دھندناتے پھرتے ہیں اور عوام کو مختلف حربوں سے تنگ کرتے ہیں۔

المیہ یہ ہے کہ خاران کی عوام نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ آج اگر یہ بدمعاش ٹولہ یلانزئی قبیلہ اور مرحوم حاجی محمد ابراہیم کی فیملی پر ظلم کررہی ہے تو کل کسی اور پر بھی کریگی۔ عوام کو یکجا ہوکر ان بدمعاش، بدکار اور قاتلوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز