Homeخبریںخدشہ ہے کہ کووڈ فین میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی مُعطل نہ کر...

خدشہ ہے کہ کووڈ فین میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی مُعطل نہ کر دیں

دہلی(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے گزشتہ ہفتے گینگ ریپ اور نسل کشی سے متعلق متنازع ٹوئٹس کے باعث بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کا اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔جس کے بعد سے بولی وڈ اداکارہ انسٹاگرام کو ٹوئیٹر کے متبادل کے طور پر استعمال کررہی ہے لیکن انہیں خدشہ ہے کہ ان کا انسٹاگرام ایک ہفتے سے زائد عرصے تک فعال نہیں رہ سکے گا۔

اطلاعات کے مطابق 2 روز قبل کنگنا رناوٹ نے خود میں کورونا وائرس کی تشخیص سے متعلق بتاتے ہوئے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کے جسم میں کب سے وائرس موجود ہے، تاہم اب انہوں نے ٹیسٹ کروایا تو انہیں پتہ چلا کہ وہ کورونا کا شکار ہوچکی ہیں۔

انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کرونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو گھر کے اندر قرنطینہ میں بند کر دیا ہے۔

تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں کورونا وائرس کو تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ یہ ایک چھوٹے سے وائرس کے سوا کچھ بھی نہیں جسے بہت زیادہ تشہیر ملی۔

بعدازاں، انسٹاگرام کی جانب سے ان کی پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا لیکن اداکارہ نے ڈیلیٹ کیے جانے کی وجہ نہیں بتائی۔انہوں نے لکھا کہ ‘انسٹاگرام نے میری پوسٹ ڈیلیٹ کردی جس میں، میں نے کووڈ کو تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی کیونکہ کچھ کو اس سے تکلیف ہوئی’۔

بولی وڈ اداکارہ نے مزید لکھا کہ ‘ٹوئٹر پر دہشت گردوں اور کمیونسٹس کے ہمدردوں کا تو سنا تھا لیکن یہاں تو کووڈ فین کلب ہے’۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ‘مجھے انسٹاگرام پر صرف 2 دن ہوئے ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ میں یہاں (انسٹاگرام ) پر ایک ہفتہ بھی نہیں گزار سکوں گی۔

Exit mobile version