تہران(ہمگام نیوز ) داعش نے ٹیلی گرام کے ذریعے کرمان میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب پر حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی۔ ان حملوں میں تقریبا 100 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق داعش کا یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں بدھ کو ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں مرنے والوں کی یاد میں قومی سوگ منایا گیا۔
ٹیلی گرام پر ایک بیان میں داعش کا کہنا تھا کہ ’باردودی مواد سے بھری جیکٹ پہنے اس کے دو ارکان نے جنرل قاسم سلیمانی کی برسی پر جمع ہونے والے ہجوم کے درمیان خود کو دھماکے سے اُڑا دیا۔
ملک کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ نے باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایرانی تفتیش کاروں نے پہلے ہی اس بات کی تصدیق کر دی تھی۔
ان کے مطابق ’کم سے کم پہلا دھماکہ ایک ’خودکش بمبار‘ نے کیا تھا اور ان کے خیال میں دوسرا دھماکہ بھی ’ممکنہ طور پر دوسرے خودکش بمبار کی کارروائی تھی۔‘