باجوڑ(ہمگام نیوز) عالمی شدت پسند تنظیم داعش نے پاکستان کے سابق قبائلی علاقے میں ہونے والے بم حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں دو پاکستانی پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے
تفصیلات کے مطابق عالمی شدت پسند تنظیم داعش نے پاکستان کے سابق قبائلی علاقے میں ہونے والے بم حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں دو پاکستانی پولیس اہلکار جان سے گئے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ حملہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ہفتے کو کیا گیا جہاں پولیس اہلکار راغان ڈیم کے قریب سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔
اتوار کو ٹیلی گرام پر جاری ہونے والے پیغام میں شدت پسند گروہ کا کہنا تھا کہ ’داعش کے عسکریت پسندوں نے ہفتے کو باجوڑ ضلعے میں پاکستانی پولیس کی بیرکوں کے اندر ایک دھماکہ خیز ڈیوائس سے دھماکہ کیا۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس حملے میں ایک افسر اور ایک پولیس اہلکار جان سے گئے تھے۔
باجوڑ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عبدالصمد خان نے ہفتے کو صحافیوں کو بتایا کہ یہ اہلکار صبح 10 بجے ایک آئی ای ڈی دھماکے میں مارے گئے تھے۔
ان کے مطابق اس بم دھماکے میں ریموٹ کنٹرول کا استعمال کیا گیا تھا۔