یکشنبه, مارچ 15, 2026
Homeخبریںدنیا افغانستان میں پاکستانی کرتوت سے با علم ہے : بھارت

دنیا افغانستان میں پاکستانی کرتوت سے با علم ہے : بھارت

دہلی (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق بھارت کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان میں ہر طرح کے امن مساعی کی حمایت کرتا ہے اور پڑوسی ملکوں سمیت تمام فریقین کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ دنیا خوب جانتی ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں کیا کچھ کیا ہے۔
افغانستان میں بھارت کی موجودگی کے حوالے سے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے تبصرے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دنیا کو خوب معلوم ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں کیا کچھ کیا ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ محمود قریشی نے گزشتہ دنوں افغان ٹی وی چینل طلوع کو انٹرویو دیتے ہوئے مبینہ طور پر کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے کابل کی سرزمین کو پاکستان میں شرانگیزی کے لیے استعمال کرنے پر سخت تکلیف ہوتی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کی ہفت روزہ بریفنگ میں جمعرات کو جب صحافیوں نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سے شاہ محمود قریشی کے مذکورہ بیان پر تبصرہ کے لیے کہا تو ترجمان اریندم باگچی کا کہنا تھا، دنیا کو معلوم ہے کہ پاکستان نے افغانستان کو کیا دیا ہے۔

کابل کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کے حق میں دلائل دیتے ہوئے اریندم باگچی کا کہنا تھا کہ بھارت نے سرحد پار کے حملہ آوروں کے ذریعہ تشدد سے تباہ حال افغانستان میں ترقی اور تعمیر نو کے ڈھیر سارے کام کیے ہیں بھارت نے وہاں بجلی کے تار بچھائے، ڈیم بنائے، اسکول اور شفاخانے تعمیر کیے، سڑکیں بنائیں اور ساتھ ہی کمیونٹی پروگرام تک چلا رہا ہے لیکن پاکستان نے وہاں جو کچھ کیا ہے یہ دنیا کو معلوم ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہمیں اس بات کا پختہ یقین ہے کہ افغان عوام ہی اپنے شرکاء کار اور ان کے ساتھ شراکت کی نوعیت کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

بھارت افغانستان کے تمام فریقین کے ساتھ رابطے میں ہے یہ بات بھارت نے اب باضابطہ تسلیم کر لیا ہے کہ وہ امریکا اور دیگر غیر ملکی افواج کی افغانستان سے واپسی کے بعد پیدا ہونے والی نئی صورت حال کے پس منظر میں طالبان کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا جی ہاں ہم علاقائی ملکوں سمیت تمام فریقین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت افغانستان میں تمام امن مساعی کی حمایت کرتا ہے اور افغانستان کی ترقی اور تعمیر نو کے حوالے سے اپنے طویل مدتی وعدوں کی پاسداری کرے گا۔

خیال رہے کہ قطر کے وزیر خارجہ کے خصوصی ایلچی مطلق بن ماجد القحطانی نے پیر کے روز کہا تھا کہ بھارت طالبان رہنماؤں کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے۔ اس سے قبل اس ماہ کے اوائل میں یہ خبر آئی تھی کہ بھارت ملا عبدالغنی برادر سمیت افغان طالبان کے مختلف گروپوں کے ساتھ رابطے میں ہے.

یہ بھی پڑھیں

فیچرز