کئیف (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق روس نے یوکرین کے مغربی شہر لویو پر میزائل برسادیئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ روس نے یوکرین کے شہر لویو میں طیاروں کی مرمت کرنے والے ایک پلانٹ پر کروز میزائل فائر کیے جس کو یوکرینی فوج کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے۔لویو کے میئر کا کہنا ہےکہ روسی میزائل حملوں کے نتیجے میں پلانٹ کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب ماریوپول سٹی کونسل کا کہنا ہے کہ روس کی مسلسل شیلنگ کے باوجود ریسکیو عملہ اپنی کارروائیوں میں مصروف ہے اور روسی حملوں سے تباہ ہونے والی تھیٹر کی عمارت کا ملبہ ہٹا یا جارہا ہے ۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز 3 ہزار 810 شہریوں کا انخلا کیا گیا ہے جن میں ماریوپول شہر میں محصور 2 ہزار شہری بھی شامل ہیں ۔ غیر ملکی میڈیا نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن روسی حمایت پر چینی ہم منصب کو فون کریں گے اور انہیں روس کی حمایت کرنے سے متعلق خبردار کریں گے۔