چهارشنبه, اکتوبر 2, 2024
Homeخبریںروس کے یوکرین میں اناج چوری میں ملوث ہونے کی اطلاعات درست...

روس کے یوکرین میں اناج چوری میں ملوث ہونے کی اطلاعات درست ہیں، امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن (ہمگام نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ روس کے یوکرین میں اناج چوری میں ملوث ہونے کی اطلاعات درست ہیں۔

 

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پیر کے روز روس کے یوکرین میں اناج چوری میں ملوث ہونے کی رپورٹس کی تصدیق کی کہ روس نے دوبارہ فروخت کرنے کے لیے یوکرین سے اناج چرایا ہے، اس کے علاوہ روس یوکرین کو اپنی مکئی کی برآمد کرنے سے روک رہا ہے۔

 

انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ’ایسی مصدقہ اطلاعات ہیں کہ روس، یوکرین کی برآمدات کو اپنے منافع کے لیے بیچ رہا ہے۔‘

 

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے علاوہ، روس اپنی خوراک کی برآمدات کو بھی ذخیرہ کر رہا ہے، جس کی وجہ گندم اور دیگر اناج کی قیمتوں میں عالمی سطح پر تیزی سے اضافہ اور اناج کی قلت پیدا ہورہی ہے۔‘

 

اس حوالے سے یہ اطلاعات بھی ملی ہیں کہ امریکا نے روس کی یوکرین میں اناج چوری سے متعلق 14 ممالک کو خبردار کیا ہے کیونکہ ان میں سے بہت سے ممالک اناج کی برآمدات پر انحصار کرتے ہیں اور پہلے ہی بہت سی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان ممالک میں زیادہ تر افریقی ممالک شامل ہیں۔

 

انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ’یہ جنگ عالمی سطح پر غذائی تحفظ کے حوالے سے تباہ کن اثرات مرتب کر رہی ہے کیونکہ یوکرین کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جن کی اناج کی برآمدات پر کئی ممالک کا انحصار ہے۔‘

 

معروف امریکی اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ کے مطابق، متعدد مال بردار جہازوں کی روس کے زیر کنٹرول بندرگاہوں سے روانگی پر امریکی حکام نے روس کو ’اناج چور‘ قرار دے دیا ہے۔

 

امریکی وزیرِ خارجہ نے مزید بتایا کہ ’روسی بحریہ نے اناج بردار جہازوں کو بحیرہ اسود کی بندرگاہ اوڈیسا سے نکلنے سے روک دیا ہے، تاکہ دنیا کو جنگ میں روس کی حمایت کرنے کے لیے مجبور کیا جاسکے۔‘

 

اُنہوں نے بتایا کہ’ روسی ناکہ بندی کی وجہ سے اوڈیسا کے قریب سیلوس میں پھنسے ہوئے اناج سے بھرے بحری جہازوں میں تقریباََ 20 ملین ٹن گندم ہے۔‘

 

انٹونی بلنکن نے کہا کہ ’یہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ایک دانستہ حکمت عملی ہے تاکہ دنیا کو روس کے سامنے جھکنے پر مجبور کیا جائے اور روس پر عائد پابندیاں ختم ہوجائیں۔‘

یہ بھی پڑھیں

فیچرز