جمعه, دسمبر 27, 2024
Homeخبریںروپیہ قدر میں ریکارڈ کمی اور شرح سود میں اضافہ دہری تلوار...

روپیہ قدر میں ریکارڈ کمی اور شرح سود میں اضافہ دہری تلوار معیشت کے لئے زہرقاتل ثابت ہو گی:صدر ایف پی سی سی آئی

کراچی(ہمگام نیوز ڈیسک ) فیڈریشن آف پا کستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹری(ایف پی سی سی آئی) کے صدرغضنفر بلورنے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی اور شرح سود میں زبردست اضافہ کی دہری تلوارپاکستانی معیشت کے لئے زہرقاتل ثابت ہو گی۔اس فیصلے سے مہنگائی اور عدم استحکام میں اضافہ، پیداوار میں کمی جبکہ کاروباری لاگت بڑھ جائے گی۔
غضنفر بلورنے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں کاروبار کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور اب شرح سودمیں اضافہ اور کرنسی کی قدر میں کمی سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار سراسیمگی کا شکار ہو جائیں گے ۔ جبکہ قرضوں اور ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال کے دوران ایک دن میں روپے کی قدر میں اتنی زیادہ کمی نہیں آئی ہے اور اس سے وہ اقتصادی مسائل جنم لینگے جنھیں حل کرنے کے لئے کئی سال درکار ہوں گے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان برآمدات سے دگنی سے زیادہ درآمدات کرتا ہے جو اب مہنگی ہو جائیں گی جبکہ اس سے خسارے پر قابو پانے میں کوئی مدد نہیں ملے گی کیونکہ ایسے تجربات پہلے بھی ناکام ہو چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پالیسیوں کے تسلسل میں ناکام ہو چکی ہے ، اعلیٰ حکومتی شخصیات کے متضاد بیانات، معیشت کی سمت تعین کرنے میں ناکامی ، منصوبہ بندی کے فقدان کاروباری برادری ہراساں ہو رہی ہے جس سے معیشت مزید کمزور ہو جائے گی۔حکومت اپنے اقدامات واپس لے ورنہ ناقابل تلاقی نقصان ہو گی جو اسکی ساکھ کے لئے نقصان دہ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز