شنبه, مارچ 14, 2026
Homeخبریںسابق امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ 88 برس کی عمر میں اس...

سابق امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ 88 برس کی عمر میں اس دنیا سے چل بسے

واشنگٹن (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق امریکا کے سابق وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ 88 برس کی عمر میں چل بسے۔ ڈونلڈ رمزفیلڈ کو سن 2003 میں عراق پر حملے کا اصل منصوبہ ساز کہا جاتا ہے۔ رمزفیلڈ کے اہل خانہ نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ہم انتہائی افسوس کے ساتھ یہ خبر دے رہے ہیں کہ ڈونلڈ رمزفیلڈ نہیں رہے۔ وہ ایک امریکی مدبر اوراچھے شوہر، والد، دادا اور پردادا تھے۔ ان کی عمر 88 برس تھی۔ نیومیکسیکو کے تاوس میں جس وقت انہوں نے آخری سانس لی، ان کا کنبہ ان کے پاس موجود تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تاریخ انہیں چھ دہائیوں سے زیادہ عرصے تک عوامی خدمات میں ان کی شاندار کارکردگی کے لیے ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے اپنی زندگی ملک کے لیے وقف کردی تھی۔

رمزفیلڈ دو مرتبہ امریکی وزیر دفاع کے عہدے پر فائز ہوئے۔ پہلی مرتبہ 1975 سے 1977 کے درمیان جیرالڈ فورڈ کے دور صدارت میں اور دوسری مرتبہ جنگ عراق کے بعد اتھل پتھل کے درمیان اپنے عہدے سے استعفی دینے سے قبل سن 2001 سے سن 2006 تک جارج ڈبلیو بش کی انتظامیہ میں وزیر دفاع بنائے گئے۔

صدر فورڈ کے دور میں جب وہ وزیر دفاع بنائے گئے تو ان کی عمر صرف 43 برس تھی اور اس عہدے پر فائزہونے والے سب سے کم عمر کے امریکی تھے۔ دوسری مرتبہ جب انہوں نے پنٹاگون کی سربراہی سنبھالی تو ان کی عمر 74 برس تھی اور اس عہدے پر فائز ہونے والے سب سے عمر رسیدہ شخص تھے۔

انہوں نے فوجی بیوروکریسی کو ختم کرنے اور اسے زیادہ سہل اور چست بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں انہیں بیرون ملک طویل اور مہنگی فوجی مداخلت پر اپنی توجہ مرکوز کرنی پڑی۔

رمزفیلڈ بش انتظامیہ کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے زبردست علمبردار تھے۔ انہی کے دور میں افغانستان میں القاعدہ کے خلاف جنگ کا آغاز ہوا۔ اور انہوں نے مشتبہ انتہا پسندوں کو کسی الزام کے بغیر گرفتار کرکے گوانتاناموبے میں قید کرنے کے فیصلے کی حمایت کی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز