کراچی (ہمگام نیوز)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سات سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کے خلاف مشتعل شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس دوران پتھراؤ اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
منگھو پیر کی رہائشی سات سالہ رابعہ مگسی کی گزشتہ روز کچرے سے لاش ملی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر ہلاک کیا گیا۔
لواحقین اور علاقے کے لوگوں نے منگل کی دوپہر کو میت سمیت احتجاجی مظاہرے کیا جس دوران پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا، پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ بھی کی جس میں کم از کم تین افراد زخمی ہو گئے، جس میں الیاس نامی شخص زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہو گیا۔پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی جس کے بعد رابعہ کی پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں تدفین کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ رابعہ کے والد نے تین افراد کو بطور ملزم نامزد کیا تھا، جن میں سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تیسرے کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
رابعہ کے دادا عبدالقادر مگسی کا کہنا ہے کہ ان کی بچی اتوار کی دوپہر کو لاپتہ ہوگئی تھی جس کے بعد وہ اس کو تلاش کرتے رہے اور پیر کو منگھو پیر سے اس کی لاش ملی۔